اسلام آباد( اوصاف نیوز)فیس بک کو اربوں صارفین کے ساتھ دنیا کا مقبول ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارم سمجھا جاتا ہے۔ میٹا کے پلیٹ فارم میں اتنے فیچرز ہیں کہ صارفین کو کئی نئی اپ ڈیٹس کا علم بھی نہیں ہوتا کیونکہ کمپنی اکثر ان کا اعلان نہیں کرتی۔
ایسا ہی ایک نیا فیچر کمپنی کی جانب سے فیس بک میں خاموشی سے شامل کیا گیا ہے، جو پوسٹنگ کے عمل کو بہت بہتر بنا دے گا۔ میٹا ایپ کے مختلف حصوں میں مصنوعی ذہانت (AI) کا اضافہ کر رہا ہے۔ اب آپ Meta AI کو صرف تحریری ہدایات دے کر اپنی تصاویر بنانے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔
لیکن یہ عمل پہلے فیس بک پر میٹا اے آئی کے ساتھ براہ راست چیٹ یا دیگر طریقوں سے ممکن تھا، لیکن اب آپ میٹا اے آئی کو براہ راست فیس بک پوسٹس میں تصاویر بنانے کے لیے استعمال کر سکیں گے۔ اس مقصد کے لیے فیس بک کے واٹس آن یور مائنڈ پوسٹ باکس میں ایک نیا بٹن شامل کیا گیا ہے۔
یہ بٹن ایموجی چہرے کے ساتھ والے باکس کے نیچے دائیں کونے میں واقع ہوگا، جس پر کلک کرکے آپ Meta AI کو اپنی تصاویر بناسکتے ہیں۔ جب آپ تحریری ہدایات دیں گے، تو Meta AI آپ کو 4 تصویری اختیارات دے گا، جن میں سے آپ ایک کو منتخب کر سکتے ہیں۔ بائیں جانب AI کے ذریعے بنائی گئی تصویر کو ایڈٹ کرنے کے لیے مختلف آپشنز بھی ہوں گے۔
جب آپ مکمل طور پر مطمئن ہو جائیں، تو آپ بس ہو گیا پر کلک کر کے اسے پوسٹ کر سکتے ہیں۔ اس فیچر کو بتدریج متعارف کرایا جانا شروع ہو گیا ہے اور یہ فی الحال ہر کسی کے لیے دستیاب نہیں ہے تاہم امید ہے کہ اسے اگلے چند دنوں یا ہفتوں میں تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی اور جے یو آئی مذاکرات میں تعطل، مولانا فضل الرحمان قیادت سے مطمئن نہیں،فواد چوہدری

