امریکہ(ویب ڈیسک) عالمی مالیاتی فنڈ (IMF) اور اقتصادی تحقیقاتی ادارے ویژوئل کیپیٹلسٹ کی تازہ رپورٹ کے مطابق 2026 میں دنیا کی معاشی درجہ بندی میں نمایاں تبدیلیاں متوقع ہیں۔ امریکا بدستور دنیا کی سب سے بڑی معیشت رہے گا۔
رپورٹ کے مطابق امریکا کی معیشت 2026 تک 31.8 ٹریلین ڈالر کے حجم کے ساتھ دنیا کی سب سے بڑی معیشت ہوگی۔ چین تقریباً 20.6 ٹریلین ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے گا، جب کہ جرمنی کی معیشت 5.3 ٹریلین ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہوگی۔

بھارت 2026 میں 4.5 ٹریلین ڈالر کے متوقع جی ڈی پی کے ساتھ چوتھے نمبر پر پہنچنے والا ہے، یوں بھارت پہلی بار جاپان کو پیچھے چھوڑ دے گا۔
عالمی خطوں کے لحاظ سے ایشیا 2026 میں تقریباً 39 ٹریلین ڈالر کی مجموعی معیشت کے ساتھ دنیا کا سب سے بڑا اقتصادی خطہ بننے کی راہ پر ہے، جبکہ شمالی امریکا کی معیشت 37 ٹریلین ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا کی معاشی قوت کا توازن بتدریج مشرق کی جانب منتقل ہو رہا ہے، جہاں ایشیائی ممالک خصوصاً چین اور بھارت عالمی اقتصادی منظرنامے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
پاکستانی ماہرین کے مطابق، خطے میں ہونے والی یہ تبدیلیاں پاکستان کے لیے بھی نئے معاشی مواقع پیدا کر سکتی ہیں، بشرطیکہ ملک تجارتی پالیسیوں اور صنعتی حکمتِ عملی میں بروقت اصلاحات لائے۔
مزید پڑھیں: افغانستان کیخلاف اقوام متحدہ نے نئی رپورٹ جاری کر دی


