صادق آباد( اوصاف نیوز) سینئر رپورٹر طاہر نصیر کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین اجرتی قاتلوں کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے محسن شاہ، اختر سندھو، قاسم سندھو اور سکندر سندھو سے طاہر نصیر کو قتل کرنے کی دو لاکھ روپے کی سپاری لی تھی۔
ذرائع کے مطابق ملزمان تین روز تک سینئر صحافی کے گھر کی ریکی کرتے رہے اور اس دوران 99 ہزار روپے اپنے اکاؤنٹ میں منگوائے۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ احمد اور آکاش نے طاہر نصیر پر حملہ کرنا تھا، جبکہ وشال نے انہیں اسلحہ فراہم کیا۔
صادق آباد پولیس نے تینوں ملزمان کو گاڑی اور اسلحہ سمیت ڈان ٹی وی کے سینئر رپورٹر طاہر نصیر کے گھر کے قریب سے گرفتار کر لیا۔
پولیس نے ملزمان کو علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا، تاہم عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے تینوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا۔
مزید پڑھیں:پی سی بی کا 2025-26 کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ کے معاہدوں کا اعلان!


