اسلام آباد( اوصاف نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب کو ہزاروں لیبر، اعلیٰ ہنر اور ہنرمند افراد کی ضرورت ہے، جس کے لیے میں پوری قوت سے ہزاروں نوجوانوں کو بھیجنے کی کوشش کروں گا۔
اسلام آباد میں منعقدہ پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ سکیم 2025 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب کے دورے کے دوران مجھے اے آئی اور جدید ٹیکنالوجی کے نظام کے بارے میں بتایا گیا جس پر میں نے کہا کہ ہمارے پاس تیل کے ذخائر نہیں ہیں اور اتنا خرچ نہیں کر سکتے۔
وزیراعظم کے مطابق یہ سن کر سعودی حکام نے کہا کہ ہماری یہ سہولیات لاکھوں پاکستانیوں اور طلباء کے لیے بالکل مفت ہیں۔ اس حوالے سے پاکستانی سفیر اور حکام نے گزشتہ روز سعودی حکام سے بات چیت بھی کی جس پر جلد اچھی خبر سننے کو ملے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ وہ اس پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور ایک بار پھر ان کے ویژن 2030 کو سراہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں 2030 میں ایک بڑی نمائش اور 2034 میں فیفا فٹ بال ورلڈ کپ ہونے جا رہا ہے جس کے لیے سعودی عرب کو ہزاروں لیبر، اعلیٰ تربیت یافتہ اور ہنر مند افراد کی ضرورت ہوگی۔
وزیراعظم نے عندیہ دیا کہ ’میں اپنی پوری کوشش کروں گا کہ ہزاروں پاکستانی نوجوانوں کو روزگار کے لیے سعودی عرب بھیجوں تاکہ ہمارے نوجوان وہاں جا کر ملک کا نام روشن کر سکیں‘۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج میں قوم کے ہونہار بچوں کے سامنے کھڑا ہوں اور میں شکر گزار ہوں کہ اللہ تعالی نے مجھے ایک بار پھر خدمت کا موقع دیا۔ میں پوری قوم کی طرف سے ہونہار طلباء اور اساتذہ کو سلام پیش کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ 2011 میں شروع ہونے والے اس پروگرام کا پراجیکٹ اس سال بیگ پر لوگو کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا، اس پر شہباز پاکستان لکھا ہوا تھا اور ان کی ذاتی تشہیر جاری تھی، پھر میں نے رانا مشہود اور ٹیم کو اسے ہٹانے کی ہدایت کی، جس کی وجہ سے تاخیر ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اس سال سکیم کے تحت ملک بھر میں سو فیصد میرٹ پر ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا رہے ہیں، یہ پروگرام 2011 میں شروع ہوا اور اس سال تک اس پروگرام پر چالیس سے پچاس ارب خرچ ہو چکے ہیں، تاہم 500 ارب بچوں کی تعلیم، ہنر اور عظمت کے لیے بھی خرچ کیے جائیں گے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ وعدہ ہے کہ لیپ ٹاپ کی بات بہت آگے بڑھ چکی ہے اور جدید ٹیکنالوجی کا دور آ گیا ہے، ان شاء اللہ ہم اپنے بچوں کو یہ سہولت جلد فراہم کریں گے تاکہ ملک خود مختار ہو اور ان کا مستقبل روشن ہو، میں وعدہ کرتا ہوں کہ زندگی بھر طلباء کے لیے وسائل بہا کر رکھوں گا۔
مزید پڑھیں:سینئر رپورٹر طاہر نصیر کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانے کی کوشش ناکام !تین اجرتی قاتل گرفتار

