اسلام آباد( اوصاف نیوز) سوشل میڈیا پر دولت ظاہر کرنے والے نان فائلرز کی فہرستیں تیار کرلی گئی ہیں اور ان کے اخراجات، بینک اکاؤنٹس، کریڈٹ اور اے ٹی ایم کارڈز کی معلومات بھی حاصل کرلی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والوں کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کی سوشل میڈیا لائف اسٹائل مانیٹرنگ ٹیم نے شہریوں کے آن لائن رویے، پوسٹس اور ویڈیوز سے اہم مالیاتی ڈیٹا حاصل کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مہنگی گاڑیاں، کشتیاں، بنگلے، فلیٹس، فارم ہاؤسز اور دیگر قیمتی اثاثے ظاہر کرنے والے لیکن گوشوارے جمع نہ کرانے والے ایف بی آر کے ریڈار پر آگئے ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ مہنگے کپڑے، زیورات، گھڑیاں آویزاں کرنے والوں اور شادیوں یا قوالی کی تقریبات میں نوٹوں کی بارش کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے نادرا کی مدد سے ان افراد کی شناخت مکمل کرلی ہے جب کہ ان کے اخراجات، بینک اکاؤنٹس، کریڈٹ اور اے ٹی ایم کارڈز کی معلومات بھی حاصل کرلی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق مہنگے ہوٹلوں میں کھانے کی نمائش اور بیرون ملک پرتعیش دورے کرنے والے افراد کے مالی گوشوارے بھی چیک کیے جا رہے ہیں۔
ابتدائی فہرست میں وہ لوگ شامل ہیں جنہوں نے دولت، گاڑیاں یا سوشل میڈیا پر تقریبات کی نمائش کی ہے لیکن انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کرائے ہیں۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ شواہد کی بنیاد پر کارروائی کی جائے گی اور غیر اعلانیہ آمدن پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
مزید پڑھٰیں:این ڈی ایم اے کی موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی


