Search
Close this search box.
جمعه ,10 جولائی ,2026ء

ٹی ٹی ایس اساتذہ کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری

اسلام آباد: ٹی ٹی ایس اساتذہ کی تنخواہیں بڑھانے سے متعلق وفاقی حکومت نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے جامعات میں ٹینیور ٹریک سسٹم (TTS) کے تحت خدمات انجام دینے والے اساتذہ کے لیے 35 فیصد تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ نئے نظرِ ثانی شدہ پے اسکیل کا اطلاق یکم جولائی 2026ء سے ہوگا۔

وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ آفس میمورنڈم کے مطابق وفاقی کابینہ نے ٹی ٹی ایس پے پیکیج 2026ء کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت پروفیسر، ایسوسی ایٹ پروفیسر اور اسسٹنٹ پروفیسر کے تنخواہی ڈھانچے پر نظرِ ثانی کی گئی ہے۔

نظرِ ثانی شدہ اسکیل کے مطابق ٹی ٹی ایس اساتذہ کی تنخواہیں نمایاں طور پر بڑھائی گئی ہیں۔ ٹی ٹی ایس پروفیسر کی کم از کم بنیادی تنخواہ 3 لاکھ 94 ہزار 875 روپے سے بڑھا کر 4 لاکھ 7 ہزار 230 روپے جبکہ زیادہ سے زیادہ بنیادی تنخواہ 7 لاکھ 12 ہزار 30 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سالانہ انکریمنٹ بھی بڑھا دیا گیا ہے۔

ایسوسی ایٹ پروفیسر کی کم از کم بنیادی تنخواہ 3 لاکھ 70 ہزار 810 روپے جبکہ زیادہ سے زیادہ تنخواہ 6 لاکھ 45 ہزار 610 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح اسسٹنٹ پروفیسر کی کم از کم بنیادی تنخواہ 2 لاکھ 88 ہزار 20 روپے اور زیادہ سے زیادہ بنیادی تنخواہ 5 لاکھ 53 ہزار 820 روپے کر دی گئی ہے۔

وزارتِ خزانہ نے ہدایت کی ہے کہ 30 جون 2026ء تک ملازمت میں موجود تمام ٹی ٹی ایس اساتذہ کو نئے پے اسکیل میں اسی مرحلے (اسٹیج) پر منتقل کیا جائے گا جس مرحلے پر وہ موجودہ اسکیل میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

آفس میمورنڈم میں واضح کیا گیا ہے کہ اس اضافے سے پیدا ہونے والے تمام مالی اخراجات متعلقہ جامعات اپنے وسائل سے پورے کریں گی، جبکہ وفاقی حکومت اس مقصد کے لیے کوئی اضافی مالی معاونت فراہم نہیں کرے گی۔

تعلیمی حلقوں نے اس فیصلے کو جامعات میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے، جس سے تدریسی شعبے میں حوصلہ افزائی اور پیشہ ورانہ استحکام میں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں