اسلام آباد: بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آج شام اور رات کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کر دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق بالائی علاقوں پر مغربی ہواؤں کا کمزور سلسلہ اثر انداز ہے جبکہ بلوچستان کے مغربی حصے میں موجود کم دباؤ کے باعث مختلف علاقوں میں موسم تبدیل ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں دن کے وقت موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم شام یا رات کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا تقریباً 35 فیصد امکان ہے۔
بارشوں کی پیشگوئی کے تحت پنجاب کے مری، گلیات، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، خوشاب، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، قصور اور منڈی بہاؤالدین سمیت مختلف اضلاع میں کہیں کہیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسی طرح آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق اس وقت ملک کے تمام بڑے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے اور کسی بھی مقام پر سیلابی صورتحال موجود نہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران دریاؤں کے بالائی کیچمنٹ علاقوں، اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور شمالی و وسطی پنجاب میں کہیں کہیں سے لے کر وسیع پیمانے پر بارش ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث 11 سے 13 جولائی کے دوران دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں معمولی اضافہ ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر کسی بڑے سیلاب کا خدشہ نہیں، تاہم شہریوں کو خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔



