اسلام آباد( اوصاف نیوز)محکمہ ماحولیات نے پنجاب بھر میں گاڑیوں کے اخراج کے ٹیسٹ کے بغیر سڑکوں پر چلنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔
انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی نے گاڑیوں کے اخراج کی جانچ کی فیس کا نیا اور حتمی شیڈول جاری کردیا، گاڑیوں کے اخراج کی مفت ٹیسٹنگ ختم کردی گئی ہے اور اب گاڑیوں کے مالکان کو فیس ادا کرنا ہوگی۔
15 نومبر کے بعد کوئی بھی گاڑی سبز سٹیکر کے بغیر شہر میں داخل نہیں ہو سکے گی، موٹروے پر سفر کے لیے بھی سبز سٹیکر لازمی ہوگا۔
ای پی اے پنجاب نے آج سے پیڈ وہیکل ایمیشن ٹیسٹنگ شروع کر دی ہے اور گاڑیوں کے اخراج ٹیسٹ کی فیس لازمی طور پر وصول کی جائے گی، موٹر سائیکل کے اخراج ٹیسٹ کی فیس 100 روپے، رکشوں کے اخراج ٹیسٹ کی فیس 300 روپے اور 1000 سی سی تک کی کاروں کی فیس 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔
1000 سے 1500 سی سی کی گاڑیوں کے لیے 800 روپے، 1500 سے 2500 سی سی کی گاڑیوں کے لیے 1000 روپے اور 2500 سے 4500 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے 1500 روپے فیس مقرر کی گئی ہے، جب کہ 4500 سے بڑی گاڑیوں کے سموگ انسپکشن کی فیس 4500 روپے ہوگی۔ تمام ادائیگیاں صرف ای پے سسٹم کے ذریعے کی جائیں گی، نقد ادائیگی مکمل طور پر ممنوع قرار دی گئی ہے، ڈی جی نے تمام سٹیشنوں پر فیسوں اور ادائیگیوں سے متعلق معلومات نمایاں طور پر آویزاں کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
مزید پڑھیں:حکومت نے “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کی رجسٹریشن مزید آسان بنا دی


