کراچی (اوصاف نیوز) شہر قائد میں منوڑا ساحل سمندر پر تفریح کے لیے آنے والے میڈیکل کے 6 طلبہ ڈوب گئے، 3 کو بچا لیا گیا۔
کراچی میں منوڑاہمالیہ کے ساحل پر میڈیکل یونیورسٹی کے فائنل ایئر کے طلباء کی پکنک ایک سانحہ میں بدل گئی۔ 6 طلبہ سمندر میں ڈوب گئے، 3 کو بچا لیا گیا۔ مستقبل کے 15 ڈاکٹروں کا ایک گروپ پکنک کے لیے منوڑا کے ساحل پر گیا تھا، جہاں تیز لہریں 6 طلبہ کو بہا لے گئیں۔ ساحل سمندر پر موجود امدادی کارکنوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 3 طلبہ کو بچا لیا، جب کہ 3 کی لاشیں نکال لی گئیں۔
واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت احمد کاشف، اشراب منیر اور اشہد کے نام سے ہوئی ہے جو میڈیکل کے فائنل ایئر کے طالب علم تھے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کی پکنک ہاکس بے ساحل پر تھی جس میں 150 طلباء شامل تھے جب کہ حادثے کا شکار ہونے والے طلباء (15 کے گروپ میں) اپنی ذاتی حیثیت میں تفریح کے لیے منوڑا گئے تھے۔
یونیورسٹی ترجمان کے مطابق کالج انتظامیہ یا ڈاؤ میڈیکل کے پرنسپل کو 15 طلبہ کی پکنک کے بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا۔ ہاکس بے پر پکنک منانے والے طلبہ بحفاظت کالج واپس پہنچ گئے جبکہ یہ افسوسناک واقعہ منوڑامیں پیش آیا۔
مزید پڑھیں:قومی ترانے کے دوران پی ٹی ایم ارکان کا بیٹھے رہناعلامتی احتجاج یا بغاوت؟

