کراچی (اوصاف نیوز) سابق ٹیسٹ کپتان اور اپنے وقت کے مایہ ناز بلے باز مصباح الحق نے سری لنکن کرکٹ ٹیم کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہمان کھلاڑیوں نے اپنے بلند حوصلے اور بلند عزائم کی بدولت دورہ پاکستان جاری رکھ کر دہشت گردی کو شکست دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی محسن رضا نقوی کی کاوشیں بھی قابل تحسین ہیں۔
کراچی میں منعقدہ ایک تقریب میں میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں دہشت گردی کے واقعے کے بعد خوفزدہ زیادہ تر مہمان کھلاڑیوں نے وطن واپسی کا فیصلہ کیا تھا۔
تاہم پی سی بی کے سربراہ محسن نقوی کے سری لنکا کرکٹ بورڈ کے ساتھ مسلسل رابطوں اور مہمان کھلاڑیوں کو مکمل سیکیورٹی کی یقین دہانیوں کی بدولت دورہ پاکستان ممکن ہوا۔ محسن نقوی نے بھرپور کوشش کی اور دورہ کرنے والے اسکواڈ کو فل پروف سیکیورٹی کی ضمانت دے کر دورہ جاری رکھنے پر آمادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں سری لنکن کرکٹ بورڈ کا کردار بھی قابل تحسین ہے۔ اگر سری لنکن کرکٹ ٹیم دورہ مکمل کیے بغیر پاکستان چھوڑ دیتی تو ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ ایک بار پھر ٹھپ ہو جاتی۔ طویل جدوجہد کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہوئی ہے۔
دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھرپور کردار ادا کرنے اور پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ روکنے کی سازش کو ناکام بنانے پر پوری قوم سری لنکا کی شکر گزار ہے۔ دورہ سری لنکا کے بعد پاکستان میں سہ ملکی کرکٹ سیریز کا انعقاد قابل تحسین اور خوش آئند ہے۔
مزید پڑھیں:سوشل میڈیا پر ای چالان سے متعلق غلط فہمیوں پر پولیس کا بیان