Search
Close this search box.
اتوار ,07 جون ,2026ء

پنجاب حکومت کا موٹر سائیکل رکشوں کی پیداوار پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ

لاہور (اوصاف نیوز) پنجاب حکومت نے پیٹرول سے چلنے والے موٹر سائیکل رکشوں کی تیاری پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے انسداد سموگ کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں پیٹرول سے چلنے والے موٹرسائیکل رکشوں کی پیداوار پر پابندی لگانے اور پیٹرول سے چلنے والی موٹرسائیکلوں کی پیداوار مرحلہ وار بند کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری اداروں کے لیے الیکٹرک گاڑیاں اور الیکٹرک موٹر سائیکلیں خریدی جائیں گی۔

اس کے علاوہ پلاسٹک اور زہریلا دھواں پیدا کرنے والی اشیاء کو جلانے پر سخت سزائیں دینے، شہریوں کی صحت اور ماحولیات کو نقصان پہنچانے پر کوئی رعایت نہ کرنے اور جدید دنیا کی طرح پنجاب بھر میں رنگ برنگے کوڑے دان لگانے کے بھی فیصلے کیے گئے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب کا پہلا جدید ترین ایئر کوالٹی مانیٹرنگ نیٹ ورک قائم کر دیا گیا ہے۔ آلودگی کے خاتمے کے لیے ایک جامع آپریشن جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور اور اس کے مضافات میں فصلوں کو جلانے کے واقعات میں 88 فیصد کمی آئی ہے اور فصلوں کو جلانے کے واقعات کو روکنے کے لیے ڈرون کی نگرانی کی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے ماحولیاتی بہتری کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پوری ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ ادارے اور ٹیم نے گزشتہ ڈیڑھ سال میں جس جذبے، محنت اور توجہ سے کام کیا وہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے شہریوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے حکومت اور اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کیا۔
مزید پڑھیں‌:امریکی اداکار ایتھن براؤن 52 سال کی عمر میں چل بسے

یہ بھی پڑھیں