Search
Close this search box.
اتوار ,07 جون ,2026ء

ہم پیپلز پارٹی سے ڈرنے والے نہیں، ڈٹ کر مقابلہ کریں گے : قائد حزب اختلاف آزاد کشمیر

اسلام آباد (رضوان عباسی )آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں موجودہ سیاسی صورتحال انتہائی نازک ہے اور مسائل کا واحد حل جلد از جلد شفاف اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد ہے۔

انہوں نے روزنامہ اوصاف اور اے بی این نیوز کے ساتھ خصوصی انٹرویو میں کہا کہ آج پارٹی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں آزاد کشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال زیر بحث آئی۔ ہم نے قیادت کا شکریہ ادا کیا کہ قائد حزب اختلاف کے تقرر کا معاملہ خوش اسلوبی سے طے پایا۔ ساتھ ہی پارٹی قیادت کو آئندہ انتخابات کے لیے مسلم لیگ (ن) کی مکمل حکمت عملی سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

شاہ غلام قادر نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی نے حکومت سنبھالتے ہی انتخابی عمل میں مداخلت شروع کر دی ہے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے دفتر سنبھالنے سے قبل ہی مختلف حلقوں میں دورے شروع کر دیے ہیں اور میرے حلقے میں بھی ایک دورہ کر کے غلط پیغام دینے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے واضح کیا کہ “ہم پیپلز پارٹی سے ڈرنے والے نہیں، ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور انشاء اللہ انہیں سبق سکھا کر رہیں گے۔قائد حزب اختلاف نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت کی موجودہ “اچھل کود سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ مزید پیچیدگیاں پیدا ہوں گی۔ ہم آج بھی اس موقف پر قائم ہیں کہ عوامی مسائل کا حل صرف شفاف انتخابات ہیں۔ مسلم لیگ (ن) بھرپور اور بلا خوف و خطر اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی اور کسی صورت کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت کو تمام صورتحال سے مکمل آگاہ کر دیا گیا ہے اور اگلے چند دنوں میں معاملات مزید واضح ہو جائیں گے۔شاہ غلام قادر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کھڑے ہوں تاکہ آزاد کشمیر میں جمہوریت، شفافیت اور عوامی حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں‌:ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کم عمر طلبہ سے متعلق اہم فیصلہ !

یہ بھی پڑھیں