پشاور (اوصاف نیوز) پشاور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی درخواست خارج کر دی۔ عدالت نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔
علی امین گنڈا پور نے پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کو آزاد قرار دینے کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ درخواست کی سماعت جسٹس محمد نعیم انور اور جسٹس کامران حیات میاں خیل پر مشتمل بینچ نے کی۔
فیصلے میں پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کو آزاد قرار دینے کے خلاف علی امین گنڈا پور کی درخواست خارج کر دی گئی ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ کی درخواست میں الیکشن رولز 94 کو چیلنج کیا گیا تھا۔ درخواست گزار کے وکیل کا موقف تھا کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی ارکان کو آزاد قرار دیا ہے۔ اب الیکشن کمیشن بتائے کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے یا نہیں۔
سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر فیصلہ پہلے پشاور ہائی کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے دیا اور پھر سپریم کورٹ نے۔
مسلم لیگ (ن) کے وکیل نے کہا تھا کہ نظرثانی درخواستوں پر آئینی بنچ نے فیصلہ دے دیا، اب یہ معاملہ ختم ہو گیا ہے۔
اس موقع پر پشاور ہائی کورٹ نے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے سب کو سنا ہے، اس معاملے میں حکم دیں گے۔
مزید پڑھیں:چالان کے خلاف شہری کا انوکھا احتجاج !دلچسپ ویڈیو منظر عام پر

