Search
Close this search box.
جمعرات ,09 جولائی ,2026ء

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم میں کٹوتی، 8 ملزمان گرفتار

حیدرآباد: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام رقم کٹوتی کے معاملے میں ایف آئی اے نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 8 ڈیوائس ہولڈرز کو گرفتار کر لیا، جبکہ بایومیٹرک ڈیوائسز، اہم ریکارڈ اور 13 لاکھ 86 ہزار روپے سے زائد نقد رقم بھی برآمد کر لی گئی۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق کارروائی لطیف آباد میں قائم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) ٹرنچ سینٹر پر مستحق خواتین کی شکایات موصول ہونے کے بعد کی گئی۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ بعض ڈیوائس ہولڈرز مستحق خواتین کو ملنے والی ہر قسط سے مبینہ طور پر 1500 سے 2000 روپے تک غیر قانونی کٹوتی کر رہے تھے۔

چھاپے کے دوران 8 ملزمان کو گرفتار کر کے متعدد بایومیٹرک ڈیوائسز، متعلقہ ریکارڈ اور 13 لاکھ 86 ہزار روپے سے زائد نقد رقم قبضے میں لے لی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والے شواہد کو مزید تفتیش کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام رقم کٹوتی کیس میں گرفتار افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ ان کی نشاندہی پر مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ مستحق خواتین کی مالی امداد میں کسی بھی قسم کی خردبرد یا غیر قانونی کٹوتی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ سرکاری امدادی رقوم شفاف انداز میں اصل حقداروں تک پہنچ سکیں۔

ایف آئی اے نے مستحقین سے اپیل بھی کی ہے کہ اگر کسی مقام پر امدادی رقم کی غیر قانونی کٹوتی یا بدعنوانی کا سامنا ہو تو فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں