Search
Close this search box.
جمعرات ,09 جولائی ,2026ء

کراچی آٹے کی نئی قیمتیں جاری، ریگولر، فائن اور چکی آٹے کے سرکاری نرخ مقرر

کراچی: کراچی آٹے کی نئی قیمتیں جاری کر دی گئی ہیں۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے شہر میں مختلف اقسام کے آٹے کے نئے سرکاری نرخوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کا مقصد عوام کو مقررہ قیمتوں پر آٹا فراہم کرنا اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام یقینی بنانا ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ریگولر آٹے کی ہول سیل سرکاری قیمت 122 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، جبکہ ریگولر ڈھائی نمبر آٹے کی ریٹیل قیمت 125 روپے فی کلو ہوگی۔

اسی طرح فائن آٹے کی ہول سیل قیمت 132 روپے فی کلو جبکہ ریٹیل قیمت 135 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق چکی کے آٹے کی سرکاری قیمت 145 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔

دوسری جانب مارکیٹ میں سرکاری نرخوں سے زیادہ قیمتیں وصول کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ مختلف علاقوں میں ڈھائی نمبر آٹا 145 سے 150 روپے فی کلو، فائن آٹا 160 سے 170 روپے فی کلو جبکہ چکی کا آٹا 160 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔

آٹا چکی ایسوسی ایشن نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انہیں گندم 125 روپے فی کلو کے حساب سے مل رہی ہے، جس کے بعد پسائی اور دیگر اخراجات شامل ہونے سے آٹے کی لاگت بڑھ جاتی ہے۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ مہنگی گندم خرید کر سرکاری نرخوں پر آٹا فروخت کرنا ممکن نہیں۔

ایسوسی ایشن نے مزید الزام عائد کیا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی بغیر پیشگی نوٹس کے مختلف آٹا چکیوں پر کارروائیاں اور سیلنگ کر رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پہلے نوٹس جاری کیے جائیں اور صرف ایس او پیز کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کراچی آٹے کی نئی قیمتیں فوری طور پر نافذ العمل ہیں اور تمام متعلقہ ادارے ان پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے نگرانی جاری رکھیں گے۔

یہ بھی پڑھیں