لندن: برطانیہ میں محمد نام مسلسل تیسرے سال بھی نومولود لڑکوں کے لیے سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا نام قرار پایا ہے۔ انگلینڈ اور ویلز کے تازہ ترین سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سال 2025 کے دوران ہزاروں والدین نے اپنے بچوں کا نام محمد رکھا، جس سے یہ نام ایک بار پھر مقبولیت کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا۔
رپورٹ کے مطابق 2025 میں تقریباً 6 ہزار نومولود لڑکوں کو محمد کا نام دیا گیا، جو دوسرے نمبر پر موجود نوح (Noah) کے مقابلے میں تقریباً دو ہزار زیادہ ہے۔ گزشتہ برس کے مقابلے میں دونوں ناموں کے درمیان فرق بھی مزید بڑھ گیا، جس سے محمد نام کی بڑھتی ہوئی مقبولیت واضح ہوتی ہے۔
اس سال لڑکوں کے دیگر مقبول ناموں میں لیو (Leo) تیسرے اور لوکا (Luca) چوتھے نمبر پر رہے، جبکہ آرتھر، اولیور اور جارج درجہ بندی میں نیچے چلے گئے۔
دوسری جانب لڑکیوں کے ناموں میں اولیویا (Olivia) مسلسل اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہی۔ اس کے بعد لِلی (Lily)، امیلیا (Amelia)، اسلا (Isla) اور فلورنس (Florence) مقبول ترین ناموں میں شامل رہے۔
اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں محمد نام 2016 سے مسلسل ٹاپ 10 میں شامل ہے، جبکہ 1997 میں پہلی مرتبہ ٹاپ 100 میں جگہ بنانے کے بعد اس کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ماہرین کے مطابق برطانیہ میں مسلم آبادی میں اضافہ، ثقافتی تنوع اور اسلامی ناموں کو ترجیح دینے کا رجحان محمد نام کی مسلسل مقبولیت کی اہم وجوہات ہیں۔ اندازوں کے مطابق برطانیہ میں مسلمانوں کی تعداد تقریباً 40 لاکھ ہے، جو ملک کی مجموعی آبادی کا تقریباً 6 فیصد بنتی ہے۔




