Search
Close this search box.
جمعرات ,09 جولائی ,2026ء

کراچی میں اب کونسا رکشہ چلے گا؟ ڈی آئی جی ٹریفک نے بتا دیا

کراچی: کراچی رکشہ میٹر پالیسی کے حوالے سے ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں مرحلہ وار مختلف اقسام کے رکشوں پر پابندی عائد کی جا رہی ہے، جبکہ مستقبل میں صرف وہی رکشے چلانے کی اجازت ہوگی جن میں باقاعدہ میٹر نصب ہوگا۔

کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ شہریوں کو ای چالان سسٹم کے حوالے سے بعض شکایات کا سامنا ہے کیونکہ یہ نظام خودکار (آٹو جنریٹڈ) ہے، جس کے باعث بعض اوقات غلطیاں بھی ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل کے حل اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے نئی پالیسی تیار کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے چنگچی رکشوں کو مرکزی شاہراہوں سے ہٹانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ ان کے مطابق کراچی رکشہ میٹر پالیسی کے تحت کرایوں میں شفافیت لانے اور شہریوں کو بہتر سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے صرف میٹر والے رکشوں کو سڑکوں پر چلنے کی اجازت دی جائے گی۔

ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا تھا کہ ای چالان سسٹم اور سڑکوں پر لین مارکنگ کے باعث ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کراچی میں ہیوی ٹریفک سے متعلق حادثات میں 164 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے، جس کے بعد ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریکارڈ کے مطابق تقریباً 45 ہزار گاڑیاں اب بھی اپنے اصل مالکان کے نام منتقل نہیں کی گئیں۔ اس سلسلے میں متعدد افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں پولیس کے حوالے بھی کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں