مظفرآباد (اوصاف نیوز) آزاد جموں و کشمیر حکومت نے نوجوانوں کے لیے بلاسود قرضہ سکیم کی منظوری دے دی۔
اس اسکیم کے تحت ریاست بھر کے نوجوانوں کو 1 لاکھ سے 20 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے، تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کر سکیں اور مالی طور پر خود مختار بن سکیں۔
یہ سہولت 18 سے 40 سال کی عمر کے مردوں، خواتین اور خواجہ سراؤں کے لیے دستیاب ہوگی، بشرطیکہ وہ ریاست جموں و کشمیر کے مستقل رہائشی ہوں اور کاروبار کرنے کے خواہشمند ہوں۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی منظوری کے بعد محکمہ سمال انڈسٹریز کارپوریشن نے اس سکیم کے حوالے سے باضابطہ اشتہار جاری کر دیا ہے۔
محکمہ کے مطابق قرضہ جات کے فارم سمال انڈسٹریز کی آفیشل ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گے جو کہ 20 جنوری تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔اس اسکیم میں ہنر مند، تکنیکی اور اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو خصوصی ترجیح دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ ہنر مند افراد کو کاروبار کے مواقع فراہم کیے جاسکیں۔
مزید یہ کہ قرضے آبادی کے تناسب سے تقسیم کیے جائیں گے اور ان پر کوئی سود نہیں لیا جائے گا۔ سود آزاد کشمیر حکومت خود ادا کرے گی جبکہ قرضے دی بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے تعاون سے دیے جائیں گے۔
حکومتی ترجمان کے مطابق اس اسکیم کا مقصد نوجوانوں میں کاروباری صلاحیت کو بڑھانا، بے روزگاری کو کم کرنا اور ریاست میں معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے۔
مزید پڑھیں:کیا دنیا سے مرد ختم ہوجائیں گے، اِن کی جگہ کون لے گا؟