کراچی (اوصاف نیوز) پاک بحریہ نے چین کے شہر ووہان میں چوتھی ہینگور کلاس آبدوز غازی کو کامیابی سے لانچ کر دیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک بحریہ کی چوتھی ہینگور کلاس آبدوز غازی کو چین کے شہر ووہان میں شوانگلیو بیس پر کامیابی سے لانچ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آبدوز کی لانچنگ کے ساتھ ہی پاک بحریہ نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے اور چین میں تیار ہونے والی چار ہینگور کلاس آبدوزیں اب سخت سمندری آزمائشوں سے گزر رہی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہنگور کلاس آبدوزیں پاکستان کے حوالے کیے جانے کے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں، پاکستان نے چین سے 8 ہینگور کلاس آبدوزیں حاصل کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت چار آبدوزیں چین میں تیار کی جائیں گی جبکہ باقی چار آبدوزیں ٹیکنالوجی کی منتقلی کے تحت کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ میں پاکستان میں تیار کی جائیں گی۔
پاک چین معاہدے کے تحت تیار کی جانے والی یہ جدید آبدوزیں جدید ترین ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہوں گی جو طویل فاصلے سے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ ہنگور کلاس آبدوزیں خطے میں امن و استحکام کے قیام میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ لانچنگ تقریب میں پاکستان اور چین کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور یہ سنگ میل دونوں ممالک کے درمیان گہرے ہوتے دفاعی اور بحری تعاون کا عملی مظہر ہے۔
مزید پڑھیں:کرپشن اسکینڈل،این سی سی آئی اے افسران کے استعفے منظور

