Search
Close this search box.
منگل ,09 جون ,2026ء

جیل سپرنٹنڈنٹ وزیرِ اعلیٰ سے بھی زیادہ طاقتور ہیں‌؟شفیع جان

پشاور(اوصاف نیوز)خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ جیل سپرنٹنڈنٹس اتنے طاقتور ہیں کہ وزیراعلیٰ سے ملاقات سے روکتے ہیں۔

نجی ٹی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران شفیع جان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کیا حالات ہیں کہ وہاں گورنر راج لگا دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ اگر وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانا چاہتی ہے تو اسے اپنی خواہش پوری کرنی چاہیے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ اتنا ہی ہے جتنا ہونا چاہیے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو ملنے نہیں دیا جا رہا۔

ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کل اڈیالہ جیل نہیں جا رہے، وہ جمعرات کو ملاقات کے لیے جاتے ہیں، منگل کا دن اہل خانہ سے ملاقات کا دن ہے۔

شفیع جان کا کہنا تھا کہ ہم نے وزیراعظم کو فون پر بتایا کہ ملاقات کا بندوبست کرنے کا جواب ابھی نہیں آیا، جیل سپرنٹنڈنٹ اتنا طاقتور ہیں کہ وزیراعلیٰ کو ملاقات سے روکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کے حوالے سے ہم کہتے ہیں کہ انہیں باعزت طریقے سے بھیجا جائے، افغان مہاجرین کے انخلا کے حوالے سے دوسری جانب ایک افغان کو پارٹی ٹکٹ دیتے ہیں۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ فواد، عمران اسماعیل، محمود مولوی کس مینڈیٹ کے تحت مذاکرات کریں گے، یہ سوالیہ نشان ہے۔ ان کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں، انہوں نے پارٹی چھوڑ دی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک کی ذمہ داری محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو دی گئی ہے، یہ دونوں جو بھی فیصلہ کریں گے پارٹی اسے قبول کرے گی اور اس کے بعد آگے بڑھے گی۔

شفیع جان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی کے بیٹوں نے جنوری میں پاکستان آنے کا عندیہ دیا ہے، لاہور ضمنی الیکشن میں انہیں مہم نہیں چلانے دی گئی، بینرز لگانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ لوگ جلسوں میں آرہے ہیں، انہیں سہیل آفریدی کی شکل میں امید نظر آرہی ہے، ہم اس معاملے کو عدالت میں بھی لے گئے ہیں، وہ کیسز نہیں اٹھائے جارہے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ تمام فورمز سے رجوع کرنے کے بعد بھی کوئی جواب نہیں ملا تو ہم عوام کے پاس جا رہے ہیں، پی ٹی آئی میں اختیار صرف بانی کے پاس ہے۔
مزید پڑھیں‌:بڑی خوشخبری، اقامہ فیس ختم کرنے کی منظوری

یہ بھی پڑھیں