اسلام آباد (اوصاف نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 26 دسمبر کو تعطیل کے باوجود تمام سرکاری ادارے کھلے رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 26 دسمبر کو وفاقی اداروں میں تعطیل نہیں ہوگی، جمعہ کو تمام وفاقی وزارتیں اور محکمے کھلے رہیں گے۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے 26 دسمبر 2025 بروز جمعہ اسلام آباد کی حدود میں مقامی تعطیل کا اعلان کیا ہے اور اس حوالے سے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ صاحبزادہ محمد یوسف کی منظوری سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کی ریونیو حدود میں تمام سرکاری دفاتر 26 دسمبر کو بند رہیں گے تاہم ضروری خدمات سے متعلق ادارے اس چھٹی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
ان اداروں میں میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد، کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی، آئی سی ٹی ایڈمنسٹریشن، اسلام آباد پولیس، آئیسکو، سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز اور ہسپتال شامل ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ ضروری خدمات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ محکمے معمول کے مطابق کام کرتے رہیں گے۔ چھٹی صرف اسلام آباد کی حدود تک ہوگی۔
مزید پڑھیں:پاکستان کو انٹرنیشنل ایونٹ کی میزبانی،مداحوں کے لیے شاندار خبر




