اسلام آباد (اوصاف نیوز) اٹلی نے پاکستان کو آئندہ 3 سال کے لیے ہزاروں ملازمتوں کا کوٹہ الاٹ کر دیا۔
وزارت سمندر پار پاکستانیوں کے ترجمان نے کہا ہے کہ وہ اٹلی سے 10500 ملازمتوں کا کوٹہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ اٹلی نے پاکستان کو اگلے تین سال کے لیے ملازمت کا کوٹہ الاٹ کر دیا ہے جس کے بعد اٹلی یورپ کا پہلا ملک ہے جس نے پاکستان کے لیے ملازمتوں کا کوٹہ مختص کیا ہے۔
وزارت اوورسیز پاکستانیز کے ترجمان کے مطابق ہر سال 3500 پاکستانی موسمی اور غیر موسمی کوٹے پر ملازمت کے لیے اٹلی جائیں گے، ہر سال 1500 پاکستانی موسمی کوٹے پر، 2000 غیر موسمی کوٹے پر اٹلی جائیں گے، ملازمتوں کے کوٹے میں ہیلتھ کیئر کے شعبے میں تمام بریکنگ، صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں ملازمتوں کو بریک کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ پاکستانی ہنر مند اور نیم ہنر مند ورکرز ان شعبوں میں ملازمت کے لیے اٹلی جائیں گے۔ پاکستان میں ویلڈر، ٹیکنیشن، شیف، ویٹر اور ہاؤس کیپنگ میں روزگار کے مواقع موجود ہیں جب کہ نرسنگ، میڈیکل ٹیکنیشن، فارمنگ اور زراعت کے شعبوں میں بھی روزگار کے مواقع موجود ہیں۔
ترجمان اوورسیز کے مطابق پاکستان اٹلی جوائنٹ ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس فروری میں اسلام آباد میں ہوگا۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے سمندر پار چوہدری سالک حسین نے کہا کہ اٹلی کی جانب سے پاکستان کے لیے ملازمتوں میں کوٹہ مختص کرنا ایک اہم سنگ میل ہے۔ اٹلی میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار کے دروازے کھلنے جارہے ہیں اور جلد ہی مزید یورپی ممالک کے دروازے پاکستانی افرادی قوت کے لیے کھلیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یورپی لیبر مارکیٹ میں روزگار کے نئے مواقع تلاش کرنے میں یہ پاکستان کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ حکومت پاکستان اپنے شہریوں کو عالمی سطح پر باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔
چوہدری سالک حسین نے مزید کہا کہ سمندر پار پاکستانی دنیا بھر میں پاکستان کے سفیر اور ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:راحت فتح علی خان کی بیٹی کی مہندی کی تصاویر وائرل

