Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

محکمہ موسمیات کا الرٹ، پہاڑی علاقوں میں برف باری، پنجاب بھر میں بارشیں متوقع

لاہور (اوصاف نیوز) پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارش اور سردی کی شدت میں اضافے کے حوالے سے نیا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہوا کا نظام 16 سے 19 جنوری تک پنجاب میں داخل ہو گا، 20 سے 23 جنوری تک مری گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں شدید برف باری اور بارش کا امکان ہے، جب کہ 20 سے 23 جنوری تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس دوران صوبائی دارالحکومت لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ، ساہیوال، ملتان، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن میں بارش کا امکان ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر لوکل گورنمنٹ، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، تمام محکمے تمام انتظامات پہلے سے مکمل کر لیں۔

عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں موجود عملہ کو 24 گھنٹے الرٹ رکھا جائے، ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی کہ خراب موسم میں شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، مری میں سیاح احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں، تیز رفتاری اور اچانک بریک لگانے سے گریز کریں، سفر کے دوران فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مری میں سیاحوں کی سہولت کے لیے مختلف مقامات پر سہولتی مراکز قائم کیے گئے ہیں، عوام جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔
مزید پڑھیں‌:سیکیورٹی خدشات: اسکولوں سے متعلق بڑا فیصلہ

یہ بھی پڑھیں