ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب کی شاہی عدالت نے شہزادہ بندر بن عبداللہ آل عبدالرحمن آل سعود کے انتقال کی تصدیق کر دی جس کے بعد مملکت میں سوگ کی فضا قائم ہو گئی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شہزادہ بندر بن عبداللہ آل سعود گزشتہ روز انتقال کر گئے، ان کی نماز جنازہ ریاض کی امام ترکی بن عبداللہ گرینڈ مسجد میں نماز ظہر کے بعد ادا کی گئی۔
نماز جنازہ میں ریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز، شاہی خاندان کے افراد، اعلیٰ سرکاری افسران، معززین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شاہی عدالت نے مرحوم شہزادے کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دعا کی ہے۔
شہزادہ بندر بن عبداللہ آل سعود شاہی خاندان کے معززین میں سے ایک تھے۔ ان کی موت کو نہ صرف شاہی خاندان بلکہ عوامی حلقوں میں بھی ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر مختلف شخصیات اور شہریوں کی جانب سے مرحوم کے لیے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ ماہ سعودی عرب میں شاہی خاندان کو ایک اور صدمے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس سے قبل شہزادہ عبداللہ بن فہد بن عبداللہ بن عبدالعزیز بیرون ملک انتقال کر گئے تھے جن کی نماز جنازہ بھی ریاض کی امام ترکی بن عبداللہ مسجد میں ادا کی گئی۔
رائل کورٹ کے مطابق مرحوم شہزادوں کی خدمات اور عزم کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ شاہی خاندان اور عوام اس مشکل وقت میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کر رہے ہیں۔ سعودی عرب میں شاہی خاندان نے بھی مرحوم کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا۔
مزید پڑھیں:ڈیجیٹل دور کا آغاز،پنجاب حکومت کا ’کنیکٹڈ پنجاب‘ منصوبہ لانچ

