Search
Close this search box.
هفته ,27 جون ,2026ء

خوشخبری،ایوی جین’ زی الیکٹرک سکوٹر ‘کی قیمت اور فیچرز سامنے آگئے

لاہور (نیوز ڈیسک)پاکستان میں الیکٹرک سکوٹر مارکیٹ میں ایک اور نیا اضافہ ہو گیا ہے، جہاں مقامی کمپنی ایوی (Evee) نے باضابطہ طور پر اپنا جدید جین-زی الیکٹرک سکوٹر متعارف کرا دیا ہے۔

کمپنی کے مطابق ایوی جین-زی اسکوٹر شہری آمد و رفت کو مدِنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے، جو جدید سہولتوں، ماحول دوست ٹیکنالوجی اور بہتر بیٹری سسٹم سے لیس ہے۔ اسکوٹر میں 1000 واٹ کا طاقتور موٹر نصب ہے، جس پر کمپنی کی جانب سے دو سال کی وارنٹی فراہم کی جا رہی ہے۔

ایوی جین-زی میں 76.8 وولٹ اور 27Ah کی لیتھیم آئرن فاسفیٹ بیٹری استعمال کی گئی ہے، جس پر 36 ماہ کی وارنٹی دی جا رہی ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ اسکوٹر ایک بار مکمل چارج ہونے پر 70 سے 80 کلومیٹر تک کا فاصلہ طے کر سکتا ہے، جبکہ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، جو روزمرہ شہری سفر کے لیے موزوں ہے۔

ڈیزائن اور حفاظتی خصوصیات کے حوالے سے اسکوٹر میں ایلومینیم رِمز، فرنٹ ڈسک بریکس شامل کیے گئے ہیں، جو سواری کو محفوظ اور آرام دہ بناتے ہیں۔ اضافی فیچرز میں ریورس گیئر، کروز کنٹرول اور سائیڈ اسٹینڈ سینسر بھی شامل ہیں۔

کمپنی نے ایوی جین-زی الیکٹرک سکوٹر کی قیمت 2 لاکھ 15 ہزار روپے مقرر کی ہے، جو درمیانے درجے کے شہری صارفین کے لیے ایک مناسب اور معقول انتخاب قرار دی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں الیکٹرک سکوٹرز کی مانگ میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جس کی بنیادی وجوہات بڑھتی ہوئی ایندھن کی قیمتیں، کم دیکھ بھال کے اخراجات اور مقامی و بین الاقوامی برانڈز کی جانب سے نئی مصنوعات کا متعارف ہونا ہیں۔ ایوی کے مطابق جین-زی ماڈل نہ صرف ماحول دوست ہے بلکہ جدید سہولتوں کے ساتھ محفوظ اور آرام دہ سواری بھی فراہم کرتا ہے۔
مزید پڑھیں‌:پی ٹی آئی اہم خاتون رہنما کے خلاف عدالتی فیصلہ محفوظ

یہ بھی پڑھیں