اسلام آباد( اوصاف نیوز) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے 8 سے 22 سال کی عمر کے طلباء کے لیے تعلیمی وظائف کے لیے رجسٹریشن شروع کر دی ہے۔
بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) نے ملک بھر میں تعلیمی وظائف کے لیے رجسٹریشن کھول دی ہے، جس کا مقصد کم آمدنی والے خاندانوں کے بچوں کو تعلیم جاری رکھنے میں سہولت فراہم کرنا اور ہونہار طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
حکام کے مطابق والدین یا سرپرست اپنے بچوں کو قریبی بی آئی ایس پی آفس میں رجسٹر کروا سکتے ہیں۔ رجسٹریشن کے لیے، بچے کا B فارم اور ایک موبائل نمبر جو پہلے سے BISP کے ساتھ رجسٹرڈ ہے درکار ہے۔ رجسٹریشن مکمل کرنے کے بعد متعلقہ افسر ایک پرچی جاری کرے گا جسے تصدیق کے لیے بچوں کے اسکول میں جمع کرانا ہوگا۔ تصدیق کے بعد، یہ پرچی دوبارہ BISP آفس میں جمع کرائی جائے گی۔
وہ بچے جن کی مائیں بے نظیر کفالت پروگرام میں شامل ہوں گی وہ تعلیمی وظائف کے اہل ہوں گے۔ پرائمری کے لیے عمر کی حد 8 سے 18 سال اور سیکنڈری کے لیے 13 سے 22 سال مقرر کی گئی ہے۔ طلباء کے لیے سکول میں کم از کم 70 فیصد حاضری کو لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ سکول کی تبدیلی کی صورت میں بی آئی ایس پی کو آگاہ کرنا ضروری ہے۔
ذرائع کے مطابق اسکالر شپ کی رقم 3 ہزار سے 5 ہزار روپے تک ہوگی جب کہ پرائمری تعلیم مکمل کرنے والی طالبات کو خصوصی مراعات کے طور پر 3 ہزار روپے اضافی دیے جائیں گے۔ بی آئی ایس پی کے مطابق یہ اقدام نہ صرف تعلیم کے فروغ دے گابلکہ لڑکیوں کی حوصلہ افزائی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
مزید پڑھیں:سانحہ لاہور، مریم نواز سیخ پا ، انتظامیہ کے خلاف سخت احکامات ،متعلقہ لوگوں کی گرفتاری اور ملازمت سے برخاستگی کا حکم

