اسلام آباد(اوصاف نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا مبینہ آڈیو پیغام لیک ہو گیا ہے۔
مبینہ آڈیو پیغام میں شیخ وقاص اکرم نے کل کے دھرنے میں اراکین اسمبلی کی عدم شرکت کا ذمہ دار وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کو ٹھہرایا ہے۔
پیغام میں کہا گیا کہ سہیل آفریدی نے اڈیالہ جاتے ہی کہا کہ میں نے کارکنوں کو نہیں بلکہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو بلایا ہے۔ وزیر اعلیٰ کا ایک ویڈیو کلپ ہے جو یہاں شیئر کیا گیا ہے۔
مبینہ آڈیو پیغام میں کہا گیا کہ ارکان اسمبلی منگل کو پنجاب سے آئے اور پھر اپنے حلقوں میں چلے گئے۔ سہیل آفریدی نے رات گئے خیبرپختونخوا ہاؤس میں ملاقات کی۔
شیخ وقاص اکرم کے مبینہ آڈیو پیغام میں مزید کہا گیا کہ وہ رات کو اجلاس میں بتا دیتے کہ اڈیالہ میں دھرنا ہونا ہے۔ کسی رکن اسمبلی کے پاس فوری طور پر پہنچنے کے لیے ہیلی کاپٹر یا طیارہ نہیں ہے۔ قریبی ممبران پہنچ گئے۔
آڈیو پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ آج سپریم کورٹ کے باہر رش تھا، مزید ارکان پہنچے تھے، اس میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا قصور نہیں، پلان بنانے والوں کا قصور ہے۔
شیخ وقاص کے آڈیو پیغام میں یہ بھی کہا گیا کہ وہ شخص 10 گھنٹے کے سفر پر ہے، آپ اسے کہیں کہ رات کو فوراً پہنچ جائے، کسی کے پاس جہاز نہیں، ایسا ہرگز نہیں ہوتا۔
انہوں نے مبینہ آڈیو پیغام میں کہا کہ اگر وزیراعلیٰ کو دھرنا دینا ہوتا تو وہ اپنے 90 ارکان صوبائی اسمبلی کو ساتھ لے کر آتے، وزیراعلیٰ کے صوبائی اسمبلی کے ارکان قریب تھے، وہ پہنچ سکتے تھے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ جب رات کو کے پی ہاؤس میں ملاقات ہوئی تو اسد قیصر اور جنید اکبر بھی موجود تھے، آپ کو رات کو بتانا چاہیے تھا کہ آپ دھرنا دیں گے، یہ کیسا مذاق ہے؟
مزید پڑھیں:عمران خان کی صحت پر تشویش، جذباتی دباؤ بڑھ رہا ہے، شیرافضل مروت

