کراچی (اوصاف نیوز) پیپلز پارٹی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر عاجز دھامراہ کے والد غلام حیدر دھامرہ انتقال کر گئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کی نماز جنازہ کل بروز ہفتہ صبح 10 بجے ہائی سکول شاہ پور چاکر سانگھڑ میں ادا کی جائے گی۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ڈاکٹر غلام حیدر دھامراہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے بیٹے اور پیپلز پارٹی حیدرآباد ڈویژن کے صدر سینیٹر عاجز دھامراہ ، عمران دھامراہ اور سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مرحوم ڈاکٹر غلام حیدر دھامراہ پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھے۔ ان کی موت کی خبر سن کر ان کا دل بہت افسردہ ہے۔ مرحوم ڈاکٹر غلام حیدر دھامراہ کے پارٹی قیادت کی تین نسلوں کے ساتھ جدوجہد کی۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ مرحوم ڈاکٹر غلام حیدر دھامراہ کی جدوجہد اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ مرحوم ڈاکٹر غلام حیدر دھامراہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے بھی سینیٹر عاجز دھامراہ کے والد کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ڈاکٹر غلام حیدر دھامراہ پیپلز پارٹی کا اثاثہ تھے۔ ان کی موت کی خبر سن کر دل دہل گیا۔ مرحوم ڈاکٹر غلام حیدر دھامراہ کی پارٹی کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
فریال تالپور نے کہا کہ وہ دعا کرتی ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم ڈاکٹر غلام حیدر دھامراہ کی مغفرت فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
سینیٹر وقار مہدی نے عزیز دھامراہ کے والد کے انتقال پر سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر غلام حیدر دھامراہ کے انتقال سے پارٹی ایک مخلص رہنما سے محروم ہوگئی۔ مرحوم ڈاکٹر غلام حیدر دھامراہ کی پارٹی کے لیے خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مرحوم ڈاکٹر غلام حیدر دھامراہ کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
مزید پڑھیں:امریکا کے لیے ایران کا پیغام، جانیے کیا؟


