زوارا (انٹرنیشنل ڈیسک)لیبیا کے ساحل کے قریب تارکینِ وطن کو لے جانے والی ایک کشتی ڈوب گئی، جس کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 55 افراد ہلاک یا لاپتا ہو گئے۔
انٹرنیشنل آرگنائزیشن آف مائیگریشن (IOM) کے مطابق یہ حادثہ 6 فروری کو لیبیا کے ساحلی شہر زوارا کے شمال میں پیش آیا۔ کشتی میں سوار زیادہ تر افراد افریقی ممالک سے تعلق رکھنے والے تارکینِ وطن اور پناہ گزین تھے۔
لیبیائی حکام کے مطابق حادثے کے بعد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کیا گیا، تاہم اس دوران صرف نائجیریا سے تعلق رکھنے والی دو خواتین کو زندہ بچایا جا سکا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق زندہ بچ جانے والی ایک خاتون نے بتایا کہ اس حادثے میں اس کے شوہر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ دوسری خاتون نے اپنے دو بچوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق یہ کشتی 5 فروری کی رات تقریباً 11 بجے لیبیا کے شہر الزاویہ سے روانہ ہوئی تھی۔ تقریباً چھ گھنٹے بعد کشتی میں پانی بھرنے لگا، جس کے باعث وہ الٹ گئی اور یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔
مزید پڑھیں:اوپن اے آئی کی جانب سے اے آئی ائیر بڈز متعارف کرانے کی تیاری


