Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

والدین ہوشیار! زائد فیس لینے والے کالجز کے خلاف بڑا ایکشن شروع

اسلام آباد (اوصاف نیوز) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے صدر پروفیسر رضوان تاج نے زائد فیس وصول کرنے والے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے خلاف کارروائی شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر رضوان تاج نے کہا کہ طلبہ سے مقررہ حد سے زائد فیس وصول کرنے والے اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں 12 میڈیکل و ڈینٹل کالجز کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اضافی وصول کی گئی فیس یا تو طلبہ کو واپس کی جائے گی یا اگلے سال کی فیس میں ایڈجسٹ کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ زائد فیس وصولی کے معاملے پر بعض اداروں نے عدالت سے بھی رجوع کر رکھا ہے۔

صدر پی ایم ڈی سی کے مطابق میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کو فیس میں اضافے کے لیے باقاعدہ مالی جواز پیش کرنا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کے اضافے کی منظوری ویلیوایشن کے عمل کے بعد ہی دی جائے گی۔

واضح رہے کہ 30 جنوری کو پی ایم ڈی سی نے ملک بھر کے نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگرامز کے لیے زیادہ سے زیادہ فیس کی حد مقرر کی تھی۔ کونسل کے مطابق تمام اضافی چارجز سمیت سالانہ ٹیوشن فیس کی زیادہ سے زیادہ حد 18 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، جو 2024-25 کے سیشن کے تمام سالانہ طلبہ پر لاگو ہوگی۔

مزید بتایا گیا تھا کہ 6 اکتوبر 2025 کو اعلان کردہ 5 فیصد اضافے کے بعد 2025-26 کے سیشن سے فیس 18 لاکھ 90 ہزار روپے ہوگی، جو تمام سالانہ سیشنز اور طلبہ پر نافذ ہوگی۔

پی ایم ڈی سی نے یہ بھی واضح کیا کہ 2026 کے بعد فیس میں کسی بھی اضافے کی اجازت صرف کنزیومر پرائس انڈیکس (CPI) کی بنیاد پر ہوگی، جس کے لیے علیحدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

کونسل نے نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ مقررہ فیس اسٹرکچر پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مزید پڑھیں‌:پی ٹی آئی کی حکومت کے لیے بڑی پیشکش منظرعام پر آ گئی

یہ بھی پڑھیں