لاہور (ویب ڈیسک) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ملک بھر میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں 3 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔
ملک شہزاد اعوان نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی ایندھن مہنگا ہوتا ہے تو اس کے اثرات ہر پاکستانی محسوس کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومتوں کی پالیسیوں کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز شدید دباؤ میں ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ کرایوں میں تین فیصد اضافہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ اعوان کے مطابق اس سے قبل بھی ٹرانسپورٹرز نے وفاقی اور پنجاب حکومتوں کی پالیسیوں کے خلاف ملک گیر ہڑتال کی تھی تاہم اس دوران کیے گئے معاہدوں پر عمل نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ اور وفاقی وزیر مواصلات سے کیے گئے معاہدے تاحال پورے نہیں ہوئے، اسی طرح وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں پر عمل درآمد نہیں ہوا۔
ملک شہزاد اعوان نے متنبہ کیا کہ اگر ٹرانسپورٹرز سے کیے گئے وعدے پورے نہ کیے گئے تو وہ دوبارہ پرامن ملک گیر ہڑتال کریں گے، انہوں نے کہا کہ ایسی صورت میں ہونے والے نقصانات کی ذمہ داری وفاقی حکومت، پنجاب حکومت اور سندھ حکومت پر عائد ہوگی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ گزشتہ ہڑتال کے دوران ٹرانسپورٹرز سے کیے گئے تمام وعدے فی الفور پورے کیے جائیں۔
مزید پڑھیں:کرکٹ بورڈ میں ہلچل، چیئرمین پی سی بی کے استعفے کا مطالبہ زور پکڑ گیا


