اسلام آباد (اوصاف نیوز) وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز چوہدری سالک حسین کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے ڈی پورٹ کیے گئے بھکاریوں کے پاسپورٹ بلاک کیے جا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی چوہدری سالک حسین نے کہا کہ نہیں چاہتے کہ کوئی غیر قانونی طور پر بیرون ملک جائے، بھیک مانگنے کا کوئی ویزا نہیں ہوتا، لوگ عمرہ کا ویزہ ملنے کے بعد بھیک مانگنے سعودی عرب جاتے ہیں۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ مختلف جرائم میں ملوث ہزاروں افراد کے پاسپورٹ بلاک کیے گئے ہیں، ان کے پاسپورٹ 5 سال تک رینیو نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیاں واضح ہونی چاہئیں، پالیسیوں میں بار بار تبدیلیوں سے تاجر برادری متاثر ہوتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اسپین میں 20 ہزار پاکستانیوں کو ریذیڈنسی ملے گی، پاکستان بیرون ملک ملازمت سے ترسیلات زر وصول کرتا ہے، گزشتہ ایک سال میں ریکارڈ تعداد میں پاکستانی بیرون ملک بھیجے گئے۔
چوہدری سالک نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ جو بھی بیرون ملک جائے اس کے پاس سافٹ سکلز ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیورو آف امیگریشن سے متعلق شکایات کا ازالہ کر دیا گیا ہے اور لائسنس ہولڈرز پر لائسنس جاری کرنے کے لیے شرائط عائد کی جا رہی ہیں۔
مزید پڑھیں:منفرد اور پرسکون، مری کے نئے ٹری ہاؤسز دیکھ کر آپ حیران رہ جائیں گے


