Search
Close this search box.
جمعرات ,25 جون ,2026ء

تیماردار کی گاڑی اینٹوں پر کھڑی ملی چور ٹائر لے اڑے

ملتان (اوصاف نیوز) ملتان کے معروف طبی ادارے نشتر ہسپتال کی پارکنگ میں کھڑی ایک گاڑی کے چاروں ٹائر چوری ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے بعد ہسپتال انتظامیہ، سکیورٹی عملے، سی سی ٹی وی نظام اور ڈیجیٹل پارکنگ سسٹم کی کارکردگی پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق متاثرہ شہری محمد شہزاد اپنی والدہ کی تیمارداری کے لیے تحصیل شورکوٹ، ضلع جھنگ سے ملتان آیا تھا۔ وہ اپنی آلٹو کار ہسپتال کی پارکنگ میں کھڑی کر کے وارڈ میں گیا۔ جب وہ تیمارداری کے بعد واپس پارکنگ پہنچا تو اس کی گاڑی اینٹوں پر کھڑی تھی اور اس کے چاروں ٹائر غائب تھے۔

متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ چوری شدہ ٹائروں کی مالیت ایک لاکھ بیس ہزار روپے سے زائد ہے، جس سے اسے شدید مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ اس نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال جیسی حساس جگہ پر بھی شہریوں کی املاک محفوظ نہیں رہیں۔

واقعے کے بعد سکیورٹی انتظامات پر سوالیہ نشان کھڑا ہو گیا ہے، جبکہ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پارکنگ میں سکیورٹی کو مؤثر بنایا جائے اور سی سی ٹی وی کیمروں کی باقاعدہ نگرانی یقینی بنائی جائے۔

متاثرہ شہری کی درخواست پر پولیس تھانہ کینٹ نے مقدمہ درج کر کے واقعے کی تحقیقات اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق پارکنگ میں نصب کیمروں کی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
مزید پڑھیں:ایران جنگ مزید 10 روز جاری رہی تو میزائل ذخائر میں کمی کا خدشہ ہے: پینٹاگون کا انتباہ

یہ بھی پڑھیں