ڈھاکہ (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کے خلاف 11 سے 15 مارچ تک ڈھاکہ میں شیڈول ہوم ون ڈے سیریز کے لیے بنگلہ دیش کے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
جمعے کو بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے پاکستان کے خلاف تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا جس میں مہدی حسن میراز کو ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے جب کہ آل راؤنڈر عفیف حسین کو دوبارہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا آغاز 11 مارچ سے ڈھاکہ میں ہوگا، سیریز کے تمام میچز شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جب کہ پہلا، دوسرا اور تیسرا ون ڈے بالترتیب 11، 13 اور 15 مارچ کو کھیلا جائے گا۔
اس سیریز کے لیے اعلان کردہ بنگلہ دیشی اسکواڈ میں سب سے نمایاں واپسی کرنے والے عفیف حسین ہیں، جنہوں نے آخری بار دسمبر 2024 میں ون ڈے کھیلا تھا۔ ٹیم انتظامیہ کا خیال ہے کہ ان کی شمولیت سے مڈل آرڈر مزید مضبوط ہوگا۔
دوسری جانب ماہید الاسلام بھویاں کو بھی اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے، وہ اکتوبر 2025 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلی گئی ون ڈے سیریز میں بھی ٹیم کا حصہ تھے۔
بنگلہ دیش کے سلیکشن پینل کے چیئرمین غازی اشرف حسین کے مطابق لٹن داس کو ان کی حالیہ خراب فارم کے باوجود ٹیم میں برقرار رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لٹن داس اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے کوچز کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور ٹیم کو امید ہے کہ وہ جلد اپنی بہترین فارم میں واپس آئیں گے۔
غازی اشرف حسین نے عفیف حسین کی واپسی کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور اس وقت اچھی فارم میں ہیں تاہم چند کھلاڑی جو گزشتہ سکواڈ کا حصہ تھے اس بار ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے جن میں نور الحسن، ذاکر علی اور شمیم حسین شامل ہیں۔
اس کے علاوہ حسن محمود اور تنظیم حسن ثاقب بھی انجری کے باعث دستیاب نہیں ہوں گے۔ حسن محمود ٹینس ایلبو سے صحت یاب ہو رہے ہیں جبکہ تنظیم حسن ثاقب کمر کی انجری میں مبتلا ہیں۔ ٹیم انتظامیہ کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کے رواں ماہ کے آخر تک مکمل فٹ ہونے کی امید ہے۔
پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے بنگلہ دیش کے 15 رکنی اسکواڈ میں مہدی حسن میراز (کپتان)، سومیا سرکار، سیف حسن، تنظیم حسن، نجم الحسن شانتو، توحید ہردوئے، لٹن داس، عفیف حسین، ماہید الاسلام بھویاں، رشاد حسین، تنویر اسلام، مستفیض الرحمان، شہنشاہ احمد، راحیل الاسلام اور راحیل شریف شامل ہیں۔
مزید پڑھیں:تعلیمی اداروں میں موسم بہار اور عیدالفطر کی تعطیلات کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری


