(اوصا ف نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف جنگ جلد ختم ہونے کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر کے بیان کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت تقریباً 8 فیصد تک گر گئی۔ برطانوی خام تیل کی قیمت کمی کے بعد 90 ڈالر فی بیرل تک آ گئی، جبکہ کاروبار کے دوران امریکی خام تیل کی قیمت بھی 89 ڈالر سے کم ہو کر 87 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔
امریکی صدر نے ایک امریکی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے خیال میں ایران کے خلاف جنگ بڑی حد تک مکمل ہو چکی ہے اور یہ تنازع جلد اپنے اختتام کو پہنچ سکتا ہے۔
اس سے قبل انہوں نے ری پبلکن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تیل سے متعلق بعض پابندیاں ختم کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ قیمتوں میں کمی لانے کے لیے تیل سے متعلق کچھ پابندیاں نرم کی جا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کاروبار کے دوران خام تیل کی قیمت 119 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی تھی۔ قیمتوں میں اس تیزی کے بعد جی 7 ممالک نے ہنگامی ذخائر استعمال کرنے کا اشارہ دیا تھا جس کے بعد مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی۔
تاہم آج امریکی صدر کے ایران جنگ جلد ختم ہونے کے اعلان کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:حزب اللہ کا اسرائیل میں فوجی ہیڈکوارٹر پر بڑا میزائل حملہ؛ 16 افراد زخمی


