میرپور (سپورٹس ڈیسک) 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی، میزبان ٹیم نے 115 رنز کا ہدف 16ویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کر لیا۔
میرپور میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پاکستانی ٹیم پہلے ون ڈے میچ میں 114 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تنزید حسن نے 67 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، نجم الحسین شنتو نے 27 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور محمد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں فہیم اشرف سٹار آف دی شو رہے، انہوں نے 37 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 1 چھکا اور 6 چوکے شامل تھے، اوپنرز صاحبزادہ فرحان 27 اور معز صداقت نے 18 رنز بنائے۔
ڈیبیو کرنے والے شمائل حسین 4، محمد رضوان 10 اور سلمان علی آغا 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
حسین طلعت اور کپتان شاہین شاہ آفریدی 4، 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ ڈیبیو کرنے والے عبدالصمد اور فاسٹ بولر محمد وسیم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
بنگلہ دیش کی ناہید رانا نے اپنے ون ڈے کیریئر کی بہترین باؤلنگ کی، انہوں نے 24 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ مہدی حسن میراز نے 29 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ 114 رنز بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے میں پاکستانی ٹیم کا سب سے کم اسکور ہے۔
ٹاس سے خطاب کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ اس وکٹ پر 270 سے 280 کا ہدف اچھا ہوگا۔
پاکستان کے چار کھلاڑیوں صاحبزادہ فرحان، معز صداقت، عبدالصمد اور شمیل حسین نے اپنا ون ڈے ڈیبیو کیا۔
پاکستانی ٹیم میں محمد رضوان، سلمان علی آغا، حسین طلعت، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم اور ابرار احمد بھی شامل ہیں۔
مزید پڑھیں:مجتبیٰ خامنہ ای اب تک منظر عام پر کیوں نہیں آئے؟ وجہ سامنے آ گئی