اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اویس لغاری نے بجلی صارفین کی شکایات کے ازالے کے لیے نیا طریقہ کار جاری کر دیا۔
اسلام آباد پاور ڈویژن کے مطابق وفاقی وزیر نے ناقص کارکردگی پر ڈسکوز کے افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔
پاور ڈویژن کے اعلان کے مطابق ہر ماہ ناقص اور بہترین کارکردگی دکھانے والے سب ڈویژنز کی نشاندہی کی جائے گی، 118 سمارٹ کال سینٹر کو صارفین کے لیے ون ونڈو سروس قرار دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق 5 ماہ میں 118 پر 20 لاکھ سے زائد کالز موصول ہوئیں، 118 پر موصول ہونے والی کالز میں سے 96 فیصد سے زائد کامیابی سے نمٹائی گئیں۔
پاور ڈویژن کے مطابق بجلی صارفین کی جانب سے 2.4 ملین سے زائد شکایات درج کی گئیں جن میں سے 99.49 فیصد بجلی کی شکایات کا ازالہ کیا گیا۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ سب سے زیادہ شکایات لیسکو میں درج کی گئیں جن میں 10 لاکھ سے زائد شکایات درج کی گئیں جبکہ میپکو میں 60 لاکھ سے زائد شکایات کا ازالہ کیا گیا۔ فیسکو اور گیپکو کی کارکردگی بھی 99 فیصد سے زائد رہی۔
پاور ڈویژن کے مطابق وفاقی وزیر نے ڈسکوز کو 118 سروس عوام کے لیے متعارف کرانے کی ہدایت کی۔
اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر نے پیسکو، سیپکو، حیسکو اور کیسکو کی جانب سے شکایات کے کم اندراج پر نوٹس جاری کردیئے۔ پانچ کمپنیوں کو صارفین کے لیے 118 سروس متعارف کرانے کی ہدایت کی گئی۔
وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا کہ تمام ڈسکوز کے کسٹمر سروس ڈائریکٹرز ذمہ دار ہوں گے۔
مزید پڑھیں:صدرمملکت نے نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کی منظوری دے دی




