Search
Close this search box.
منگل ,09 جون ,2026ء

سابق کپتان سرفراز احمد نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

اسلام آباد(اوصا ف نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

اپنے بیان میں سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا۔ 2006 میں انڈر 19 ورلڈ کپ اور 2017 میں چیمپئنز ٹرافی جیتنا میرے کیریئر کے یادگار لمحات ہیں۔ ساتھی کھلاڑیوں، کوچز، اہلِ خانہ اور مداحوں کی حمایت پر دل سے شکر گزار ہوں۔

سابق کپتان نے مزید کہا کہ پاکستان کی تینوں فارمیٹس میں قیادت کرنا میرے لیے خواب کی تعبیر تھا۔ میں نے ہمیشہ نڈر کرکٹ کھیلنے اور متحد ٹیم بنانے کی کوشش کی۔ بابر اعظم، فخر زمان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان جیسے میچ ونرز کو ابھرتے دیکھنا میرے لیے باعثِ فخر ہے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا اعتماد اور حمایت ہمیشہ یاد رہے گی۔ پاکستان کرکٹ ہمیشہ میرے دل کے قریب رہے گی اور میں ہر ممکن طریقے سے کھیل کی خدمت کرتا رہوں گا۔

واضح رہے کہ سرفراز احمد نے پاکستان کے لیے 54 ٹیسٹ، 117 ون ڈے انٹرنیشنل اور 61 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے اپنے کیریئر میں مجموعی طور پر 6,164 رنز بنائے۔ وکٹوں کے پیچھے سرفراز احمد نے 315 کیچز اور 56 سٹمپنگز کیں۔

سرفراز احمد نے پاکستان کی 100 انٹرنیشنل میچز میں قیادت کی۔ سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 جیتی۔ سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں عالمی نمبر ایک رینکنگ تک پہنچا۔

سرفراز احمد پاکستان کے واحد کپتان ہیں جنہوں نے جونیئر اور سینئر دونوں سطح پر آئی سی سی ٹائٹل جیتے۔ حکومتِ پاکستان نے سرفراز احمد کو 2018 میں پرائڈ آف پرفارمنس سے نوازا۔
مزید پڑھیں:ایران کے اسرائیل پر پہلی مرتبہ ‘سجیل میزائل’ کے حملے

یہ بھی پڑھیں