Search
Close this search box.
هفته ,06 جون ,2026ء

عید الفطر پر نئے کرنسی نوٹ جاری، جانیں تفصیلات

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) عیدالفطر کی آمد کے ساتھ ہی نئے کرنسی نوٹوں کی غیر قانونی فروخت کا کاروبار ایک بار پھر عروج پر پہنچ گیا ہے جہاں جڑواں شہروں میں منافع خور سرکاری قیمت سے کہیں زیادہ نرخ وصول کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف تجارتی مراکز میں نئے کرنسی نوٹوں کے سٹالز لگائے گئے ہیں جہاں پر نوٹوں کے بنڈل کھلے عام زائد قیمت پر فروخت ہو رہے ہیں۔ راولپنڈی کے راجہ بازار، صدر اور کمرشل مارکیٹ کے مصروف علاقوں میں گاڑیوں اور عارضی سٹالز پر نئے نوٹ دستیاب ہیں جبکہ ہر بنڈل پر بھاری کمیشن وصول کیا جا رہا ہے۔

10 روپے کے نئے نوٹوں کا ایک ہزار روپے کا بنڈل 1500 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، یعنی خریداروں سے 500 روپے اضافی وصول کیے جا رہے ہیں، اسی طرح 20 روپے کے نئے نوٹوں کا دو ہزار روپے کا بنڈل 2600 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جس پر 600 روپے اضافی وصول کیے جا رہے ہیں۔

مزید یہ کہ پچاس روپے کے بیس نئے نوٹ، جن کی کل مالیت ایک ہزار روپے ہے، 1300 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔ جب کہ صرف دس نئے 100 روپے کے نوٹ کے لیے 1400 روپے تک کا مطالبہ کیا جا رہا ہے جو کہ عوام کے لیے پریشانی کا باعث بن گیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ عید کے موقع پر بچوں اور رشتہ داروں کو عید کا تحفہ دینے کے لیے نئے کرنسی نوٹوں کی مانگ بڑھ جاتی ہے تاہم سپلائی محدود ہونے اور بینکوں سے نئے نوٹوں کے حصول میں مشکلات کے باعث پرائیویٹ ڈیلرز سے مہنگے داموں نوٹ خریدنے پر مجبور ہیں۔

عوامی حلقوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بینکوں میں نئے نوٹوں کی فراہمی کو موثر اور آسان بنا دیا جائے تو بلیک مارکیٹ کے اس کاروبار کا خاتمہ ممکن ہو سکتا ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ منافع خور عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور عید الفطر کے موقع پر عوام کو نئے نوٹوں کی مناسب فراہمی کی جائے تاکہ وہ غیر قانونی فروخت کرنے والوں کے رحم و کرم پر نہ جائیں۔
مزید پڑھیں‌:تیل کی قیمتوں میں اضافہ ، عالمی مارکیٹ میں تازہ ترین صورتحال

یہ بھی پڑھیں