دبئی (انٹرنیشنل ڈیسک) دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ڈرون حملے کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی جس کے بعد ایئرپورٹ پر طیارے کی لینڈنگ عارضی طور پر معطل کردی گئی۔
دبئی میڈیا آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈرون حادثے کے نتیجے میں فیول ٹینک میں آگ بھڑک اٹھی جس کے بعد ریسکیو اور فائر فائٹنگ ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ حکام کا کہنا تھا کہ شہریوں اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لینڈنگ کی عارضی معطلی کے باعث دبئی آنے والی متعدد پروازوں کو ہوا میں ہولڈنگ پیٹرن میں رکھا گیا ہے تاکہ صورتحال واضح ہونے کے بعد وہ بحفاظت لینڈ کر سکیں۔ عالمی فلائٹ مانیٹرنگ ویب سائٹ نے مختلف پروازوں کے روٹس اور تاخیر کی تفصیلات بھی جاری کی ہیں۔
دبئی حکام کے مطابق حملے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تاہم احتیاطی تدابیر کے طور پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی ہیں۔
دبئی میڈیا آفس نے کہا کہ ایئرپورٹ حکام صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور حالات معمول پر آتے ہی فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔ حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے فلائٹ شیڈول کے حوالے سے متعلقہ ایئر لائنز سے رابطہ کریں۔
دوسری جانب ایئر لائنز نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ فی الحال دبئی ایئرپورٹ پر نہ آئیں اور تازہ ترین معلومات کے لیے ایئر لائنز کی جانب سے جاری کردہ اپ ڈیٹس کا انتظار کریں۔ حکام کے مطابق صورتحال بہتر ہونے تک پروازوں کی معطلی برقرار رہ سکتی ہے۔
مزید پڑھیں:بیٹی کے شوبز میں آنے پر شوہر کا کیا ردعمل تھا؟ فائزہ حسن نے بتا دیا


