اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت نے اسلام آباد میں عید الفطر پر صارفین کو فائیو جی سروس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ابتدائی طور پر وفاقی دارالحکومت کے بعض علاقوں میں شہری عید پر تیز ترین انٹرنیٹ سے مستفید ہو سکیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ٹیلی کام کمپنیوں کو کل 5 جی لائسنس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور 5 جی لائسنس کے اجراء کے حوالے سے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔
پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ ٹیلی کام کمپنیوں کو کل 5 جی لائسنس جاری کیے جائیں گے، ٹیلی کام کمپنیوں نے پی ٹی اے کو بینک گارنٹی جمع کرا دی ہے اور اگر لائسنس جاری ہو گئے تو کمپنیاں عید الفطر پر 5 جی سروس شروع کر سکیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لائسنس تینوں ٹیلی کام کمپنیوں کو بیک وقت جاری کیے جائیں گے، 5 جی سپیکٹرم خریدنے والی ہر کمپنی کو 15 ملین ڈالر کی بینک گارنٹی جمع کرانی ہوگی اور کمپنیاں 5 جی لائسنس کی شرائط کو پورا کرنے کے لیے بینک گارنٹی جمع کرائیں گی۔
حکام نے بتایا کہ لائسنس کی شرائط کے مطابق، ہر کمپنی کو 1000 نئی ٹیلی کام سائٹس قائم کرنے کی ضرورت ہے، ہر کمپنی کو دور دراز، کم کوریج والے علاقوں میں 200 سائٹس قائم کرنے کی ضرورت ہے۔
مزید بتایا گیا کہ پی ٹی اے نے حال ہی میں 5 جی سپیکٹرم کی نیلامی کا عمل مکمل کیا، پی ٹی اے نے 597 میگا ہرٹز میں سے 480 میگا ہرٹز سپیکٹرم کی نیلامی کی اور حکومت کو 5 جی سپیکٹرم کی نیلامی سے 510 ملین ڈالر کا ریونیو حاصل ہو گا۔
مزید پڑھیں:سنتھ جے سوریا کی روزہ رکھنے کی روایت نے مداحوں کو حیران کر دیا
