لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو صوبائی دارالحکومت لاہور سے گرفتار کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق انہیں ان کی رہائش گاہ سے اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ اپنے اہل خانہ سے ملنے لاہور آئی تھیں۔
اطلاعات کے مطابق پولیس نے اچانک کارروائی کرتے ہوئے عالیہ حمزہ کو گرفتار کیا اور بعد ازاں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ گرفتاری کے بعد ابھی تک کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا ہے جس کی وجہ سے طرح طرح کی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما عالیہ حمزہ کو 9 مئی کے واقعات سے متعلق مختلف مقدمات میں پہلے ہی سزا ہو چکی ہے۔ عدالت نے انہیں کئی مقدمات میں 10 سال قید کی سزا سنائی تھی جس کی وجہ سے انہیں قانونی مشکلات کا سامنا تھا۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس گرفتاری سے ملک میں جاری سیاسی کشیدگی میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے جب کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے ردعمل بھی سامنے آنے کا امکان ہے جب کہ حکومتی حلقے اس معاملے کو قانون کی عملداری کا معاملہ قرار دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ملک کی سیاسی صورتحال خاصی گرم ہے اور اہم سیاسی شخصیات کی گرفتاریاں مسلسل خبریں بن رہی ہیں۔
مزید پڑھیں:اچانک اعلان، ویزا قوانین میں بڑی تبدیلی سامنے آ گئی
