اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج اپنا مذہبی تہوار ایسٹر عقیدت اور جوش و خروش کے ساتھ منا رہی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری نے مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایسٹر خوشی، امید اور نئے آغاز کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ یہ دن ملک اور دنیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کا باعث بنے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ عالمی حالات میں بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور بھائی چارے کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اقلیتوں کے مذہبی، معاشی اور تعلیمی حقوق کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے، جبکہ مسیحی برادری ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں مسیحی برادری مختلف شعبوں، بشمول تعلیم، صحت اور سرکاری خدمات میں قابل قدر خدمات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے اور حکومت اس حوالے سے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسٹر محبت، احترام اور باہمی ہم آہنگی کا درس دیتا ہے، اور مسیحی برادری کی خدمات معاشرے کے لیے قابل قدر ہیں۔
مزید پڑھیں:امریکا نے خفیہ ریسکیو آپریشن میں اپنے پائلٹ کو ایران سے بازیاب کرلیا
