کراچی (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان کے اسٹار بلے باز بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک اور عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین 12 ہزار رنز مکمل کرنے والے بلے باز بن گئے۔
پاکستانی اسٹار بلے باز نے یہ سنگ میل پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے خلاف میچ کے دوران عبور کیا۔ بابر نے 338 اننگز میں 12 ہزار ٹی ٹوئنٹی رنز مکمل کیے۔
بابر اعظم نے 345 اننگز میں 12 ہزار رنز بنانے والے ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر کرس گیل کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
ویرات کوہلی نے 360، ڈیوڈ وارنر نے 368 اننگز میں 12 ہزار رنز مکمل کیے۔
واضح رہے کہ بابر اعظم 12 ہزار ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے والے دنیا کے 12ویں اور دوسرے پاکستانی کھلاڑی ہیں۔
اس سے قبل پاکستان کے سابق کرکٹر شعیب ملک نے بھی یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔
مزید پڑھیں:حکومتی سبسڈی سے فائدہ اٹھانے کے لیے یہ ایک کام لازمی کریں!
