لاہور (نیوز ڈیسک) پنجاب کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں پبلک سیفٹی موبائل ایپ کی انسٹالیشن لازمی قرار دے دی گئی۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے ایپ انسٹال کرنے کے حوالے سے سخت ہدایات جاری کر دی ہیں جب کہ کئی اسکولوں میں تاحال ایپ انسٹال نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
اے، اے پلس اور بی کیٹیگری کے اسکولوں کے لیے ایپ کو انسٹال کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ تمام اساتذہ اور سربراہان کو کل تک ایپ پر اپنی رجسٹریشن مکمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ڈی ای اوز کو فوری عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
احکامات کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا امکان ہے اور اسکول سربراہان کو فوری طور پر ہدایات پہنچانے کا حکم دیا گیا ہے۔
محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن ونگ احکامات پر عمل درآمد کی نگرانی کرے گا اور ایپ کی تنصیب میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
مزید پڑھیں:بینک آف پنجاب اور دی آفس آف اے آئی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط
