اسلام آباد(اوصاف نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک بھر میں 12 سے 17 اپریل کے دوران ممکنہ شدید موسمی صورتحال سے متعلق اہم ایڈوائزری اور پیشگی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں کو متاثر کرے گا، جس کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور سیالکوٹ سمیت مختلف شہروں میں 13 سے 17 اپریل کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
اسی طرح چترال، دیر، سوات، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 12 سے 17 اپریل تک تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بالائی پہاڑی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے جنوبی حصوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ درجہ حرارت میں مزید اضافے کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں اور مسافروں کو خبردار کیا ہے کہ مسلسل بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، جبکہ سڑکوں پر پھسلن اور برفباری سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ شمالی علاقوں کا رخ کرنے سے قبل موسم کی صورتحال ضرور چیک کریں۔
مزید کہا گیا ہے کہ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور تعمیرات، درختوں اور بجلی کے نظام کو نقصان پہنچ سکتا ہے، لہٰذا شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی و ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔
مزید پڑھیں:مذاکرات ناکام ،امریکا نے آبنائے حرمز بارے بڑا فیصلہ ، اہم خبر آگئی
