لاہور (نیوز ڈیسک) طوفانی بارشوں کے نئے اور طاقتور سلسلے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جس میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک میں طوفانی بارشوں کے ایک نئے اور طاقتور سلسلے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ موسم کی پیشگوئی کے مطابق مغربی ہواؤں کے اس نئے اسپیل کے باعث اپریل کے مہینے میں ملک کے بالائی علاقوں میں تیز بارش، آندھی اور غیر معمولی طور پر شدید برف باری ہوگی۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ اس سلسلے کے نتیجے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، مری، راولپنڈی، لاہور اور سیالکوٹ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ اس دوران تیز ہوا کی وجہ سے انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ بھی ہے۔
دوسری جانب گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے بالائی پہاڑی علاقوں میں شدید برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئے گی۔
اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل بارشوں اور برف باری سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ سکتے ہیں، اس لیے مسافروں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:عمرہ زائرین کیلئے نیا حکم ،سعودی حکومت کا اہم فیصلہ
