روم (انٹرنیشنل ڈیسک) اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی نے اسرائیل کے ساتھ دفاعی معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جسے عالمی سطح پر اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیل کی جانب سے لبنان پر حملے روکنے کے مطالبات کو مسلسل مسترد کیا جا رہا ہے۔
اطالوی اخبار کے مطابق وزیراعظم میلونی نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومت نے اسرائیل کے ساتھ دفاعی معاہدے کی خودکار تجدید کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ اعلان اٹلی کے وزیر خارجہ انتونیو تاجانی کے دورۂ بیروت کے بعد سامنے آیا، جہاں انہوں نے لبنان پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں ناقابل قبول قرار دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دورہ لبنانی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے کیا گیا۔
واضح رہے کہ لبنان میں جاری اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک دو ہزار سے زائد افراد جاں بحق جبکہ چھ ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، جس کے باعث عالمی برادری میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں:گندم کے کاشتکاروں کیلئے بڑی سہولت ، حکومت کا بڑا قدم
