لاہور: (اوصاف نیوز) نجی ٹی وی چینل کے پروگرام کے میزبان جسٹس (ر) نذیر احمد غازی کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی۔واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنے پروگرام کی ریکارڈنگ مکمل کرنے کے بعد دفتر سے گھر واپس جا رہے تھے، موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح افراد نے پیکو روڈ کے علاقے پنڈی اسٹاپ کے قریب اچانک گاڑی کو نشانہ بنایا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں جسٹس (ر) نذیر احمد غازی محفوظ رہے، تاہم گاڑی میں موجود معروف مذہبی رہنما اور چیئرمین تحریک حرمت رسول پاکستان مولانا امیر حمزہ زخمی ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق گولی ان کے بازو میں لگی جس کے بعد انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پولیس حکام نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آور واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، واقعے نے شہر میں سیکیورٹی صورتحال پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں، جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا، شہریوں نے بھی اس واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں:ہارورڈ یونیورسٹی میں ماہرہ خان کی تقریر، طلباء کا پرجوش استقبال
