کراچی: (اوصاف نیوز) عالمی و مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونا 14 ڈالر اضافے کے بعد 8525 ڈالر فی اونس تک پہنچ گیا، عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافے کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی دیکھے جا رہے ہیں، جہاں فی تولہ سونا 1400 روپے مہنگا ہو گیا ہے۔
مقامی صرافہ مارکیٹ میں اضافے کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 5 لاکھ 4 ہزار 862 روپے ہو گئی ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونا بھی 1200 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 32 ہزار 837 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔
چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے، ایک تولہ چاندی 110 روپے مہنگی ہو کر 8514 روپے پر پہنچ گئی ہے، جس سے زیورات اور سرمایہ کاری کی مارکیٹ پر بھی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
ذہن نشین رہے کہ گزشتہ روز بھی سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا تھا، جب فی تولہ سونا 3 ہزار 500 روپے مہنگا ہو کر 5 لاکھ 3 ہزار 462 روپے پر پہنچا تھا، اسی طرح 10 گرام سونا اور چاندی کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
ماہرین کے مطابق عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال اور سرمایہ کاروں کی جانب سے محفوظ سرمایہ کاری کی طرف رجحان سونے کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔
مزید پڑھیں:جسٹس (ر) نذیر احمد غازی کی گاڑی پرحملہ ہو گیا، مولانا امیر حمزہ زخمی
